خلیج میں کشیدگی ، امریکہ کا چین سے ایران پر دباؤ ڈالنے کا مطالبہ، آبنائے ہرمز پر اہم اتفاق

واشنگٹن(رم نیوز) امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ امریکہ چاہتا ہے کہ چین خلیج کے معاملے پر اپنا اثر و رسوخ استعمال کرے اور ایران پر اپنا موقف تبدیل کرنے کے لیے دباؤ ڈالے۔ایک حالیہ انٹرویو میں مارکو روبیو کا کہنا تھا کہ چین کو چاہیے کہ وہ ایران کو خلیج میں جاری اشتعال انگیز اقدامات سے پیچھے ہٹنے پر آمادہ کرے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس بحران کا حل نکالنا خود چین کے مفاد میں ہے، کیونکہ اس وقت چین کے اپنے بحری جہاز بھی آبنائے ہرمز میں پھنسے ہوئے ہیں اور وہ اس صورتحال سے براہِ راست متاثر ہو رہا ہے۔ دوسری جانب امریکی محکمہ خارجہ نے بتایا ہے کہ امریکہ اور چین کے درمیان اس نکتے پر اتفاق ہو گیا ہے کہ کسی بھی ملک کو آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں پر کسی قسم کا ٹیکس لگانے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے۔ ماہرین اس اتفاقِ رائے کو عالمی بحری تجارت کی روانی برقرار رکھنے کے لیے ایک اہم سفارتی پیش رفت قرار دے رہے ہیں۔