مون سون، ملک میں غیر متوازن بارشوں اور سیلاب کا خدشہ، این ڈی ایم اے نے ہنگامی پلان تیار کر لیا

اسلام آباد(رم نیوز) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے مون سون 2026 کے ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے 'قومی مون سون کانفرنس' کا انعقاد کیا، جس میں شدید بارشوں، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ جیسی آفات سے بچاؤ کے لیے قبل از وقت تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ کانفرنس میں ماہرین نے خبردار کیا کہ رواں سال مون سون کے دوران ملک میں غیر متوازن بارشیں ہوں گی۔ شمالی علاقوں میں شدید بارشوں، گلیشیئرز پگھلنے اور اچانک سیلاب کے بیک وقت خطرات ہیں، جبکہ میدانی اور جنوبی علاقوں میں بارشیں کم رہنے اور گرمی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے۔ چیئرمین این ڈی ایم اے، لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے تمام وفاقی و صوبائی اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جانی و مالی نقصان کو کم کرنے کے لیے بروقت وارننگ اور عوامی آگاہی ناگزیر ہے۔اجلاس میں ریسکیو مشینری کی دستیابی، ریلیف کیمپس کے قیام اور انخلا کے منصوبوں پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ کانفرنس میں مسلح افواج، پی ڈی ایم ایز اور دیگر اداروں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سیاحوں کی حفاظت اور اہم انفراسٹرکچر کے تحفظ کے لیے مربوط حکمت عملی کے تحت کام کیا جائے گا تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری نمٹا جا سکے۔