تہران(رم نیوز) ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اسرائیل کے ساتھ تعاون کرنے والے عناصر کو کڑی تنبیہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ صہیونی ریاست کے ساتھ گٹھ جوڑ کرنے والوں سے ہر صورت حساب لیا جائے گا۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' پر جاری اپنے ایک بیان میں عباس عراقچی نے واضح کیا کہ ایران کے عظیم عوام سے دشمنی مول لینا ایک "احمقانہ جوا" ہے اور اس مقصد کے لیے اسرائیل کا ساتھ دینا ایک ایسا جرم ہے جسے کبھی معاف نہیں کیا جائے گا۔
ایرانی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے حال ہی میں جو دعوے یا انکشافات کیے ہیں، ایرانی سکیورٹی ادارے ان حقائق سے بہت پہلے ہی اپنی قیادت کو آگاہ کر چکے تھے۔ ان کا یہ بیان خطے میں اسرائیل کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ اور خفیہ گٹھ جوڑ کے خلاف تہران کے دوٹوک مؤقف کی عکاسی کرتا ہے۔