فضائی رابطوں کی بحالی، امریکی ایئرلائن کا 9 سال بعد وینزویلا کیلئے پروازیں شروع کرنے کا فیصلہ

نیویارک(رم نیوز) امریکی فضائی کمپنی 'یونائیٹڈ ایئرلائنز' نے تقریباً ایک دہائی کے طویل تعطل کے بعد وینزویلا کے لیے اپنی براہِ راست پروازیں دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔عالمی میڈیا کے مطابق یونائیٹڈ ایئرلائنز 11 اگست سے امریکہ اور وینزویلا کے درمیان فضائی سروس کا آغاز کرے گی۔ یہ روزانہ نان سٹاپ پروازیں امریکی شہر ہیوسٹن کے جارج بش انٹرکنٹینینٹل ایئرپورٹ اور وینزویلا کے دارالحکومت کاراکاس کے درمیان چلائی جائیں گی۔

کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس روٹ پر جدید ترین 'بوئنگ 737 MAX 8' طیارے استعمال کیے جائیں گے۔ ٹکٹوں کی بکنگ کا عمل شروع کر دیا گیا ہے، تاہم پروازوں کا باقاعدہ آغاز حکومتی منظوری ملنے کے بعد ہوگا۔واضح رہے کہ یونائیٹڈ ایئرلائنز 20 سال سے زائد عرصے تک وینزویلا میں فعال رہی تھی، تاہم 2017 میں دونوں ممالک کے درمیان سیاسی کشیدگی کے باعث آپریشن معطل کر دیا گیا تھا۔ اب 9 سال بعد اس اہم فضائی روٹ کی بحالی کو عالمی سطح پر سفارتی اور تجارتی حلقوں میں اہمیت کی حامل پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔