آئی ایم ایف کا پاکستان پر 11 نئی کڑی شرائط کا نفاذ؛ بجلی اور گیس کے نرخوں میں اضافے کا شیڈول جاری

اسلام آباد(رم نیوز) عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان کے لیے اپنی تازہ ترین جائزہ رپورٹ جاری کرتے ہوئے 11 نئی شرائط عائد کر دی ہیں، جس کے بعد پروگرام کی مجموعی شرائط کی تعداد 55 تک جا پہنچی ہے۔ ان نئی شرائط میں مالی سال 2027ء کے بجٹ کے لیے بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔ آئی ایم ایف کی رپورٹ کے مطابق پاکستانی عوام کو توانائی کی قیمتوں میں اضافے کے لیے تیار رہنا ہوگا۔جولائی 2026 اور دوبارہ فروری 2027 میں گیس کی قیمتوں میں تبدیلی کی جائے گی۔

جنوری 2027 میں بجلی کی قیمتوں میں نئی ایڈجسٹمنٹ کی شرط عائد کی گئی ہے۔ادارتی اور ٹیکس اصلاحات رپورٹ میں معاشی نظم و ضبط کے ساتھ ساتھ ادارتی شفافیت پر بھی زور دیا گیا ہے۔ قومی احتساب بیورو (نیب) کو مزید آزاد، خود مختار اور شفاف بنانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ آئی ایم ایف نے نشاندہی کی ہے کہ اگرچہ پاکستان نے بیشتر مالی اہداف حاصل کر لیے ہیں، تاہم کچھ ٹیکس اہداف اور اصلاحات تاحال نامکمل ہیں۔ آئی ایم ایف نے جہاں پاکستان کی معاشی بحالی، کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں کمی اور زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری کا اعتراف کیا ہے، وہیں کچھ سنگین خدشات کا اظہار بھی کیا ہے۔

رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ ایران کی جنگ مہنگائی پر دباؤ بڑھا سکتی ہے اور ادائیگیوں کے توازن سمیت معاشی نمو کو متاثر کر سکتی ہے۔آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ ان نئی شرائط کا بنیادی مقصد پاکستان کے بجٹ نظم و ضبط اور ٹیکس نظام میں ایسی اصلاحات لانا ہے جو معیشت کو پائیدار بنیادوں پر استوار کر سکیں، تاہم ان اقدامات سے عوامی سطح پر معاشی دباؤ میں اضافے کا امکان ہے۔