پاکستان میں میری ٹائم تعلیم کے لیے انڈومنٹ فنڈ قائم، 65 ہزار طلبہ کو سکالرشپس ملیں گی

اسلام آباد(رم نیوز) وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انوار چوہدری نے میری ٹائم تعلیم کے فروغ کے لیے ایک بڑے اقدام کا اعلان کرتے ہوئے 'میری ٹائم ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ' کے قیام کی منظوری دے دی ہے۔ اس منصوبے کے تحت آئندہ 10 برسوں میں 65 ہزار طلبہ کو عالمی معیار کی پیشہ ورانہ تربیت دی جائے گی۔ وفاقی وزیر کے مطابق اس فنڈ کا مقصد سکالرشپس اور صلاحیت سازی کے ذریعے پاکستانی نوجوانوں کو عالمی 'بلیو اکانومی' کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے۔

فنڈ کی نگرانی کے لیے سرکاری و نجی شعبے کے ماہرین پر مشتمل 10 رکنی بورڈ تشکیل دینے کی تجویز ہے، جس میں خواتین کی نمائندگی بھی یقینی بنائی جائے گی۔ جنید انوار چوہدری نے زور دیا کہ فنڈ کو ایک خود کفیل مالیاتی نظام کے تحت چلایا جائے گا تاکہ طلبہ کو تربیتی مواقع اور وظائف کی فراہمی مسلسل جاری رہے۔اجلاس میں چیئرمین گوادر پورٹ نورالحق بلوچ نے بریفنگ دی، جس میں بتایا گیا کہ یہ منصوبہ سمندری معیشت سے جڑے شعبوں میں افرادی قوت کی کمی کو دور کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔