سینیٹ سے تعلیمی ترمیمی بل 2026 منظور، سکولوں میں کمپیوٹر کوڈنگ لازمی قرار

اسلام آباد(رم نیوز) سینیٹ نے 'مفت اور لازمی تعلیم کے ترمیمی بل 2026' کی حتمی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت ملک بھر کے تعلیمی نصاب میں بڑی تبدیلی کرتے ہوئے کمپیوٹر سائنس اور پروگرامنگ کو لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔شیری رحمان کی زیرصدارت اجلاس میں 'رائٹ ٹو فری اینڈ کمپلسری ایجوکیشن ایکٹ 2012' میں ترمیم کی گئی، جس کے بعد ایلیمنٹری سے ہائی اسکول تک کوڈنگ سیکھنا اب ہر طالب علم کے لیے قانونی طور پر لازم ہوگا۔

بل کا مقصد پاکستانی طلبہ کو عالمی جاب مارکیٹ کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے، تاکہ وہ صرف روایتی تعلیم تک محدود نہ رہیں بلکہ جدید ٹیکنالوجی میں بھی مہارت حاصل کریں۔ ایوان سے منظوری کے بعد یہ ایکٹ فوری طور پر نافذ العمل ہے، جس کے تحت اب جدید ٹیکنالوجی کی تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہوگی۔ اس قانون سازی کو پاکستان کے تعلیمی ڈھانچے کو ڈیجیٹل دور کے مطابق ڈھالنے کے لیے ایک انقلابی قدم قرار دیا جا رہا ہے۔