بیجنگ کی غیر معمولی سفارتی روایت شکنی، ٹرمپ کے اعزاز میں چین کے سب سے حساس اور ممنوعہ باغات کے دروازے کھل گئے

بیجنگ(رم نیوز) چینی صدر شی جن پنگ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو چین کے سب سے حساس اور خفیہ ترین حکومتی مرکز ’ژونگ نان ہائی‘ کا نایاب دورہ کروا کر دنیا کو بڑا سیاسی پیغام دیا ہے۔ یہ مقام چینی کمیونسٹ قیادت کی طاقت کا اصل مرکز ہے، جہاں عام طور پر غیر ملکی رہنماؤں کا داخلہ ممنوع ہوتا ہے۔ صدر شی جن پنگ کے مطابق، یہ دورہ 2017ء میں ٹرمپ کی جانب سے امریکی نجی رہائش گاہ ’مار اے لاگو‘ میں دی گئی مہمان نوازی کا تاریخی جواب ہے۔امریکہ روانگی سے قبل دونوں رہنماؤں نے کمپاؤنڈ میں طویل چہل قدمی کی، جہاں صدر شی نے ٹرمپ کو 490 سال اور 1000 سال سے زائد قدیم درخت دکھائے۔ صدر ٹرمپ نے ماحول کو بے حد سراہا۔ ماہرین کے مطابق، یہ سابقہ شاہی باغ ماؤ زے تنگ جیسی شخصیات کا مسکن رہا ہے۔ ٹرمپ کو یہاں لانا محض سفارتی روایت نہیں، بلکہ دونوں بڑی طاقتوں کے مابین گہری ذاتی اور سیاسی قربت کا علامتی اظہار ہے۔