پاکستان سٹاک ایکسچینج میں شدید مندی، ہنڈرڈ انڈیکس 1200 پوائنٹس گر گیا

کراچی(رم نیوز) پاکستان سٹاک ایکسچینج سمیت دنیا بھر کی مالیاتی منڈیوں میں شدید مندی دیکھی جا رہی ہے۔ کاروباری ہفتے کے پہلے روز کاروبار کے آغاز پر ہی پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ہنڈرڈ انڈیکس 1200 سے زائد پوائنٹس کی بڑی گراوٹ کا شکار ہوا، جس کے بعد انڈیکس 1 لاکھ 65 ہزار کی نفسیاتی حد برقرار نہ رکھ سکا اور 1 لاکھ 64 ہزار 276 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا۔ عالمی ذرائع کے مطابق ایران پر امریکی حملوں کے خطرات کے باعث تمام ایشیائی مارکیٹس دباؤ کا شکار ہیں۔ انڈونیشیا کے جکارتہ کمپوزٹ انڈیکس میں 2 فیصد، ہانگ کانگ کے ہینگ سینگ انڈیکس میں ڈیڑھ فیصد، اور جاپان کے نکی انڈیکس میں 1 فیصد کی گراوٹ ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ چین کی شنگھائی مارکیٹ بھی معمولی مندی کی لپیٹ میں ہے۔