بلوچستان میں دہشت گردی کے سنگین خدشات، صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ، سکیورٹی فورسز ہائی الرٹ

کوئٹہ(رم نیوز) حکومت بلوچستان نے دہشت گردی کے سنگین خطرات کے پیش نظر صوبے بھر میں فوری طور پر دفعہ 144 نافذ کر دی ہے، جس کا اطلاق اگلے 30 دنوں تک رہے گا۔ محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، سیکیورٹی فورسز کو شناخت کے عمل میں آسانی فراہم کرنے کے لیے عوامی مقامات پر چہرے کو ماسک، مفلر یا اسکارف سے ڈھانپنے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

محکمہ داخلہ کے ترجمان بابر یوسف زئی نے بتایا کہ دفعہ 144 کے تحت موٹر سائیکل کی ڈبل سواری، سیاسی و مذہبی ریلیوں اور 4 سے زائد افراد کے اکٹھے ہونے پر پابندی ہوگی۔ انہوں نے واضح کیا کہ سکیورٹی ادارے 'فتنہ الخوارج' اور 'فتنہ الہندوستان' سمیت تمام دشمن عناصر کی کسی بھی ممکنہ مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے ہائی الرٹ ہیں۔ حکومتی احکامات کے بعد کوئٹہ سمیت صوبے کے تمام اضلاع میں پولیس اور سیکیورٹی فورسز کا گشت بڑھا دیا گیا ہے۔ انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے سکیورٹی اداروں سے تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر حکام کو دیں۔