لاہور(رم نیوز)منشیات فروشی کے نیٹ ورک کی مبینہ سربراہ 'کوکین کوئین' انمول عرف پنکی سے متعلق پولیس تحقیقات میں سنسنی خیز انکشافات سامنے آئے ہیں، جس میں ملزمہ کے سابق شوہر ناصر اور اس کے خاندان کا پورا مجرمانہ ریکارڈ بے نقاب ہو گیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق، انمول پنکی کا سابق شوہر ناصر اپنے بھائیوں منصور اور شہروز کے ہمراہ لاہور آیا تھا، جہاں انہوں نے پہلے گیسٹ ہاؤسز اور شراب کا غیر قانونی دھندا شروع کیا اور بعد میں اپنے بہنوئی اور ایک دوست عرفان کے ساتھ مل کر کوکین کا باقاعدہ نیٹ ورک قائم کیا۔
رپورٹ کے مطابق تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ناصر نے ہی انمول پنکی کو کوکین تیار کرنے کا ماہر بنایا تھا، جس کے بعد دونوں میاں بیوی نے لاہور اور کراچی سمیت ملک بھر میں منشیات سپلائی کرنا شروع کر دی تھی۔ پولیس کا مزید کہنا ہے کہ ناصر اپنے بھائیوں کے ہمراہ اس کالے دھندے کو کراچی تک پھیلا چکا تھا۔ بعد ازاں، انمول عرف پنکی نے سال 2021 میں محکمہ پولیس کے ایک سابق انسپکٹر کے کہنے پر اپنے شوہر ناصر سے باقاعدہ طلاق لے لی تھی۔ پولیس اس نیٹ ورک کے دیگر مفرور ارکان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہے۔