سی این جی بندش؛ وزیراعلیٰ کے پی کا وزیراعظم کو خط، گیس فوری بحال کرنے کا مطالبہ

پشاور(رم نیوز) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے وزیراعظم کو خط لکھ کر صوبے میں سی این جی سیکٹر کو گیس کی فراہمی معطل کرنے پر شدید احتجاج کیا ہے۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ خیبر پختونخوا روزانہ 494 ایم ایم سی ایف ڈی گیس پیدا کرتا ہے جبکہ اس کی ضرورت صرف 120 ایم ایم سی ایف ڈی ہے۔ سی این جی سیکٹر کی 36 سے 40 ایم ایم سی ایف ڈی گیس کھاد کے شعبے کو منتقل کرنا آئین کے آرٹیکل 158 اور پشاور ہائیکورٹ کے فیصلوں کی خلاف ورزی ہے۔ خط میں خبردار کیا گیا ہے کہ سی این جی کی بندش سے ہزاروں افراد بے روزگار اور عوام مہنگے ایندھن کے بوجھ تلے دب جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے وزیراعظم سے گیس کی فوری بحالی کے لیے مداخلت کی اپیل کی ہے اور اس معاملے پر مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا ہے۔