کراچی: ”صاف بندرگاہ، محفوظ سمندر“ مہم تیز، دو ہفتوں میں 58 ہزار کلو گرام کچرا برآمد

کراچی(رم نیوز)وفاقی وزیر جنید انوار چوہدری کی خصوصی ہدایت پر کراچی پورٹ پر سمندری آلودگی کے خاتمے کے لیے ”صاف بندرگاہ، محفوظ سمندر“ مہم کے تحت صفائی کا عمل تیز کر دیا گیا ہے۔ اس مہم کا مقصد سمندری حیات کا تحفظ اور بندرگاہوں کو ماحول دوست بنانا ہے۔وفاقی وزیر جنید انوار چوہدری نے صفائی آپریشن کی تفصیلات بتاتے ہوئے مطلع کیا کہ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران کراچی بندرگاہ کے سمندری حصے سے 58 ہزار کلوگرام کچرا صاف کیا جا چکا ہے۔

اس بڑے پیمانے پر کیے جانے والے آپریشن میں 487 اہلکاروں اور 159 کشتیوں نے حصہ لیا، جبکہ جمع کیے گئے کچرے کو تلف کیا جا رہا ہے۔ وفاقی وزیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سمندری حیات اور ماحول دوست بندرگاہوں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ پلاسٹک ویسٹ سمندری حیات کے لیے سنگین خطرہ بن چکا ہے۔ جنید انوار چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ صاف اور ماحول دوست بندرگاہیں حکومت کی اولین ترجیح ہیں اور اس صفائی مہم سے بندرگاہ کی آپریشنل کارکردگی میں مزید بہتری آئے گی۔