جعفر ایکسپریس آج بھی روانہ نہیں ہوگی ، پشاور سے آنے والی ٹرین جیکب آباد تک محدود

کوئٹہ (رم نیوز) ملک میں سکیورٹی اور دیگر ناگزیر وجوہات کے پیشِ نظر کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس سروس مسلسل دوسرے دن بھی معطل رہی، جس کے باعث ریلوے اسٹیشنز پر مسافروں کا شدید رش دیکھنے میں آیا۔ ریلوے ذرائع کے مطابق، کوئٹہ سے شیڈول کے تحت روانہ ہونے والی جعفر ایکسپریس کو آج بھی منسوخ رکھا گیا ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سفری تعطل کے باعث پشاور سے کوئٹہ آنے والی ٹرین کو بھی جیکب آباد اسٹیشن پر روک لیا جائے گا اور وہیں سے مسافروں کو لے کر واپس پشاور کے لیے روانہ کر دیا جائے گا۔ حکام کا کہنا ہے کہ تمام مسافروں کو پیشگی پیغامات کے ذریعے ٹرین کی منسوخی کے بارے میں مطلع کر دیا گیا تھا۔ ترجمان ریلوے کے مطابق، ٹریک کلیئرنس اور مجموعی حالات کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد ہی ٹرین سروس کو دوبارہ مکمل فعال کرنے کا شیڈول جاری کیا جائے گا۔