وزیراعظم شہباز شریف وفد کے ہمراہ کوئٹہ روانہ، آئندہ مالی سال کے ترقیاتی بجٹ پر اہم فیصلے متوقع

کوئٹہ (رم نیوز)وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ اہم دورے پر کوئٹہ روانہ ہو گئے ہیں۔ وفاقی وزراء اور اعلیٰ حکام پر مشتمل ایک اعلیٰ سطح کا وفد بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہے۔ اپنے اس دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں صوبائی اپیکس کمیٹی کے اہم اجلاس کی صدارت کریں گے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں رواں سال کے ترقیاتی بجٹ اور آئندہ مالی سال کے لیے مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کی حکمتِ عملی کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا، جس میں صوبے کی ترقی کے لیے بڑے فیصلوں کا امکان ہے۔ علاوہ ازیں، وزیراعظم کوئٹہ میں گورنر بلوچستان، وزیراعلیٰ اور مقامی سیاسی قیادت سمیت مختلف وفود سے اہم ملاقاتیں بھی کریں گے۔

دورے کے آغاز پر اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قومی وسائل کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے اور عوام کا پیسہ صرف انہی ترقیاتی منصوبوں پر لگایا جائے گا جن کے ثمرات اور نتائج یقینی ہوں۔