تعلیمی اداروں میں منشیات کا پھیلاؤ، اسلام آباد ہائیکورٹ کا سخت اقدامات اور مانیٹرنگ کا حکم

اسلام آباد(رم نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے تعلیمی اداروں میں منشیات کے بڑھتے ہوئے رجحان پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایچ ای سی کو مانیٹرنگ کمیٹی میں اینٹی نارکوٹکس فورس اور پولیس کو شامل کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ عدالت نے وزارتِ تعلیم کو منشیات کے خاتمے کے قوانین وفاقی حکومت سے منظور کرانے کی ہدایت بھی کی ہے۔

جسٹس انعام امین منہاس کی سربراہی میں ہونے والی سماعت کے دوران انکشاف کیا گیا کہ اب یونیورسٹیوں کے بعد اسکولوں کے بچے بھی اس لعنت کا شکار ہو رہے ہیں اور رائیڈرز کے ذریعے منشیات سپلائی کی جا رہی ہے۔ عدالت نے پیمرا کو میڈیا پر آگاہی مہم چلانے کا حکم دیتے ہوئے پولیس، ضلعی انتظامیہ اور ایچ ای سی سے مانیٹرنگ رپورٹس طلب کر لیں اور کیس کی سماعت جون کے آخری ہفتے تک ملتوی کر دی۔