واشنگٹن (رم نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف جاری جنگ کو تیزی سے ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ایران کو کسی بھی قیمت پر ایٹمی ہتھیار بنانے یا رکھنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ایران پر حملہ عارضی طور پر مؤخر کیے جانے کے بعد صدر ٹرمپ کی زیرِ صدارت وائٹ ہاؤس میں قومی سلامتی ٹیم کا ایک انتہائی اہم اور ہنگامی اجلاس منعقد ہوا، جس میں امریکی نائب صدر، وزیر خارجہ، وزیر دفاع اور اعلیٰ عسکری حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران ایران کی موجودہ صورتحال، مستقبل کے فوجی آپریشنز اور سفارتی کوششوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ قومی سلامتی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ایران کے حوالے سے مثبت پیشرفت ہوئی ہے اور اب ہم اس جنگ کو تیزی سے ختم کرنے کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ کارروائیوں کے نتیجے میں ایران کی نیوی، فضائیہ، فوج اور قیادت کو ختم کیا جا چکا ہے، اس لیے اب جنگ کو طول دینے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ اس سے قبل وائٹ ہاؤس بال روم کی تعمیری سائٹ کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے اسرائیل کے تحفظ کے حوالے سے شدید خدشات کا اظہار کیا۔