پنجاب اور آذربائیجان کا دوطرفہ سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق، مریم اورنگزیب مشترکہ ورکنگ گروپ کی سربراہ مقرر

لاہور (رم نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے آذربائیجان کے وزیرِ اقتصاد مائیکل جباروف نے تفصیلی ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے مابین تجارتی، معاشی اور ادارہ جاتی روابط کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ ملاقات میں تجارت، زراعت، سیاحت، شہری ترقی، لاجسٹکس اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کا عزم ظاہر کیا گیا۔ اکنامک کوآپریشن اور سرمایہ کاری کی سہولت کاری کے لیے ایک اعلیٰ سطحی مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے کا باضابطہ فیصلہ کیا گیا ہے، جس کی سربراہی سینیئر وزیر مریم اورنگزیب کریں گی۔

اس ورکنگ گروپ میں دونوں ممالک کے سرکاری محکمے اور تکنیکی ماہرین شامل ہوں گے جو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (PPP) کے تحت مشترکہ منصوبوں کے مواقع تلاش کریں گے۔ ملاقات کے دوران پاکستان اور آذربائیجان کے مابین 'ترجیحی تجارتی معاہدے' کے امکانات پر بھی غور کیا گیا تاکہ تجارتی حجم میں اضافہ اور مارکیٹ تک رسائی کو آسان بنایا جا سکے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے آذربائیجان کے وزیرِ اقتصاد کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔