اسلام آباد (رم نیوز) وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انوار چوہدری سے قازقستان کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے اہم ملاقات کی ہے، جس میں پاکستان اور قازقستان کے مابین تجارتی روابط بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران پاکستان نے قازق سرمایہ کاروں کو گوادر اور کراچی بندرگاہوں میں سرمایہ کاری کی باضابطہ دعوت دی۔ وفاقی وزیر جنید انوار چوہدری نے کہا کہ پاکستانی بندرگاہیں علاقائی تجارت میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہیں اور وسطی ایشیاء کے لیے اہم تجارتی گیٹ وے ثابت ہوں گی۔
انہوں نے وفد کو ٹرانس شپمنٹ اور ملٹی پرپز ٹرمینلز میں سرمایہ کاری کی پیشکش کرتے ہوئے بتایا کہ اس سے وسطی ایشیائی ممالک کو خلیجی اور افریقی منڈیوں تک رسائی میں بڑی سہولت ملے گی۔ ملاقات میں قازقستان کی معروف کمپنی 'فریڈم ہولڈنگ کارپوریشن' نے پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا، جبکہ قازق وفد نے پاکستان کی معاشی اور میری ٹائم پالیسیوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔