واشنگٹن (رم نیوز )امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ ایرانی یورینیم کی روس منتقلی سے متعلق کوئی منصوبہ زیرِ غور نہیں ہے، تاہم ایران کے معاملے پر اہم سفارتی پیش رفت جاری ہے۔ وائٹ ہاؤس میں میڈیا بریفنگ کے دوران انہوں نے واضح کیا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسی قطعی ہے کہ ایران کو کسی صورت ایٹمی ہتھیار حاصل کرنے نہیں دیے جائیں گے، کیونکہ اس سے خطے اور دنیا میں عدم استحکام پھیلے گا۔
امریکی نائب صدر نے انکشاف کیا کہ صدر ٹرمپ کی ہدایت پر انہوں نے پاکستان کا دورہ کیا جہاں ایران کے معاملے پر 21 گھنٹے طویل سفارتی مذاکرات کیے گئے۔ جے ڈی وینس کے مطابق ایرانی حکام بھی معاہدہ کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں، تاہم جب تک باضابطہ دستخط نہیں ہو جاتے، حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ صدر ٹرمپ جنگ دوبارہ شروع کرنا نہیں چاہتے، لیکن اگر سفارت کاری ناکام ہوئی اور کوئی معاہدہ نہ ہو سکا تو ایران اپنے ایٹمی پروگرام کو مزید آگے بڑھا سکتا ہے۔ ایسی صورتحال میں امریکہ ضرورت پڑنے پر اپنی فوجی مہم دوبارہ شروع کرنے کے لیے تیار ہے۔