سلہٹ (رم نیوز) بنگلہ دیش نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھی پاکستان کو زیر کر کے دو میچوں کی سیریز میں دو صفر سے تاریخی کلین سویپ کر لیا ہے۔ سلہٹ ٹیسٹ کے آخری دن بنگلہ دیشی باؤلرز نے پاکستان کی آخری 3 وکٹیں حاصل کر کے اپنی ٹیم کو ایک یادگار فتح دلا دی۔میچ کے آخری دن پاکستان نے 437 رنز کے پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں اپنی دوسری اننگز 316 رنز 7 کھلاڑی آؤٹ سے شروع کی۔ محمد رضوان 75 اور ساجد خان 8 رنز کے ساتھ میدان میں اترے، لیکن بنگلہ دیشی باؤلرز نے پاکستانی لوئر آرڈر کو ہدف تک پہنچنے سے روک دیا اور پوری ٹیم کو آؤٹ کر کے میچ جیت لیا۔
بنگلہ دیش کی جانب سے دیے گئے 437 رنز کے بھاری ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز مایوس کن رہا۔ اوپنر عبداللہ فضل 6 اور اذان اویس 21 رنز بنا کر جلد پویلین لوٹ گئے۔ کپتان شان مسعود (71) اور بابر اعظم (47) نے 133 رنز تک ٹیم کو سنبھالا، لیکن بابر اعظم کی وکٹ گرتے ہی مڈل آرڈر دوبارہ دباؤ میں آ گیا۔ سعود شکیل صرف 6 رنز بنا سکے، جبکہ سلمان علی آغا نے بھی 71 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی مگر حسن علی صفر پر آؤٹ ہو گئے۔ بنگلہ دیش نے لٹن داس کے شاندار 126 رنز کی بدولت پہلی اننگز میں 278 رنز بنائے، جس کے جواب میں پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں محض 232 رنز پر ڈھیر ہو گئی اور میزبان ٹیم کو 46 رنز کی اہم برتری حاصل ہوئی۔
بنگلہ دیشی بیٹرز نے دوسری اننگز میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 390 رنز کا بڑا سکور کھڑا کیا اور پاکستان کو جیت کے لیے 437 رنز کا تاریخی ہدف دیا، جو پاکستانی بیٹنگ لائن کے لیے کڑا امتحان ثابت ہوا۔