عید پر آلودگی اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف کریک ڈاؤن، پنجاب میں دفعہ 144 کے نفاذ کا نوٹیفکیشن جاری

لاہور (رم نیوز) محکمہ داخلہ پنجاب نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر صوبے بھر میں امن و امان برقرار رکھنے، ماحول کو آلودگی سے بچانے اور صحتِ عامہ کے تحفظ کے لیے دفعہ 144 نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ترجمان محکمہ داخلہ کے مطابق ان سخت پابندیوں کا اطلاق بدھ 27 مئی سے منگل 2 جون تک بلاامتیاز ہوگا۔

سیکرٹری داخلہ پنجاب کی جانب سے جاری کردہ احکامات کے تحت عید کے ایام میں عوامی مقامات پر قربانی کے جانوروں کے سری پائے جلانے، اور اوجھڑیوں یا فضلے کو نالیوں، مین ہولز، نہروں اور دریاؤں میں بہانے پر مکمل پابندی ہوگی۔ اس کے علاوہ، منظور شدہ سرکاری مویشی منڈیوں کے باہر کسی بھی جگہ جانوروں کی خرید و فروخت کی اجازت نہیں ہوگی، جبکہ عید کی تعطیلات کے دوران نہروں، جھیلوں اور ڈیمز میں نہانے اور تیراکی پر بھی سخت پابندی عائد رہے گی۔ محکمہ داخلہ نے سکیورٹی اور فلاحی سرگرمیوں کے حوالے سے واضح کیا ہے کہ عیدالاضحیٰ کے دوران کسی بھی کالعدم تنظیم کو قربانی کی کھالیں جمع کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔

صوبے بھر میں صرف وہی ادارے کھالیں اکٹھی کر سکیں گے جو پنجاب چیریٹی کمیشن سے منظور شدہ اور رجسٹرڈ ہیں۔ انتظامیہ نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی ہے کہ عوامی سکون اور ماحولیات کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف دفعہ 144 کے تحت فوری اور سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔