پاک چین تعلقات کے 75 سال،چینی وفد کی آمد پر قومی اسمبلی میں متفقہ قرارداد منظور

اسلام آباد(رم نیوز) قومی اسمبلی نے پاک چین سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر متفقہ طور پر ایک تاریخی قرارداد منظور کر لی ہے۔ چینی وفد کی ایوان میں آمد کے موقع پر اپوزیشن نے حکومت کے ساتھ اپنے شدید سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر اپنا بائیکاٹ ختم کیا اور اجلاس میں شرکت کی۔ سپیکر ایاز صادق کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں وفد کی آمد پر ارکان نے ڈیسک بجا کر استقبال کیا، جبکہ خاتونِ اول آصفہ بھٹو زرداری نے گیلری میں جا کر مہمانوں سے مصافحہ کیا۔

وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کی پیش کردہ قرارداد میں سی پیک پر دونوں ممالک کی کوششوں کو سراہتے ہوئے عزم ظاہر کیا گیا کہ پاک چین دوستی مستقبل میں مزید مضبوط ہوگی۔ اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے اپنے خطاب میں کہا کہ چین کے احسانات کے پیشِ نظر انہوں نے بائیکاٹ ختم کیا ہے۔ چینی وفد کے احترام میں اپوزیشن نے نعرے بازی سے مکمل گریز کیا، تاہم استقبالی ایجنڈا مکمل ہوتے ہی وہ ایوان سے واک آؤٹ کر گئے۔ چینی وفد نے ایوان سے ملنے والی اس شاندار تکریم پر گہری مسرت کا اظہار کیا۔