اسلام آباد(رم نیوز) پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ پر صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے چینی صدر شی جن پنگ اور عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے دوستی کو مزید مضبوط بنانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ صدر زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاک چین تعلقات باہمی اعتماد اور سٹریٹجک تعاون کی ایک بے مثال داستان ہیں۔ انہوں نے چین کی جانب سے پاکستان کی خودمختاری کی حمایت اور سی پیک (CPEC) کے دوسرے مرحلے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان "ون چائنہ" پالیسی پر سختی سے قائم ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دونوں ممالک ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ انہوں نے پاک چین دوستی کو خطے میں امن و ترقی کا ستون قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوامی سطح پر محبت اور احترام کا یہ رشتہ وقت کے ساتھ مزید گہرا ہوا ہے۔
پاک چین دوستی کے 75 سال: صدر اور وزیراعظم کی چینی قیادت کو مبارکباد، پائیدار شراکت داری کا اعادہ