پاکستان اور کویت کا میری ٹائم سیکٹر میں تعاون بڑھانے پر اتفاق، کویتی سرمایہ کاروں کو گوادر اور پورٹ قاسم میں شراکت داری کی دعوت

اسلام آباد (رم نیوز)وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انوار چوہدری سے کویتی سفیر ناصر عبدالرحمن جاسر المطیری نے ملاقات کی جس میں انرجی سٹی اور بندرگاہی انفراسٹرکچر منصوبوں میں تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران وفاقی وزیر جنید انوار چوہدری نے کہا کہ گوادر اور پورٹ قاسم میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کویت کو ایل پی جی (LPG)، ایل این جی (LNG) اور خام تیل ذخیرہ کرنے کے منصوبوں میں شراکت داری کی باقاعدہ دعوت دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستان میں انرجی اسٹوریج قائم کرنے پر تیزی سے کام جاری ہے۔ کویتی سفیر نے پاکستان کے بحری اور توانائی منصوبوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا، جس پر دونوں ممالک نے میری ٹائم سیکٹر میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ وفاقی وزیر نے کویتی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت اور تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔