جنوبی وزیرستان: تحصیل وانا میں دفعہ 144 نافذ، اہم علاقوں کی ناکہ بندی

وانا(رم نیوز)جنوبی وزیرستان کی ضلعی انتظامیہ نے تحصیل وانا میں امن و امان کی صورتحال کے پیشِ نظر دفعہ 144 نافذ کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت مخصوص اوقات میں عوامی نقل و حرکت اور شاہراہوں کے استعمال پر پابندی ہوگی۔ انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ باضابطہ نوٹیفکیشن کے مطابق دفعہ 144 روزانہ صبح 6 بجے سے شام 6 بجے تک نافذ العمل رہے گی۔ پابندی کے باعث تیارزہ، کرب کوٹ، عزیز آباد چوک اور درگئی سمیت توئی خلہ سے گل کچ جانے والے تمام راستے ہر قسم کی آمد و رفت کے لیے بند رہیں گے۔ ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ علاقے میں سیکیورٹی صورتحال کو بہتر بنانے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے کیا گیا ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ اوقات اور پابندیوں کا خیال رکھیں تاکہ کسی بھی قسم کی دشواری سے بچا جا سکے۔