شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، بھارت حقِ خودارادیت کی آواز سے خوفزدہ ہے، مشعال ملک

مظفر آباد (رم نیوز)کشمیری سماجی کارکن مشعال ملک نے کہا ہے کہ آج کا دن مقبوضہ کشمیر کی تاریخ کے سیاہ ترین ایام میں سے ایک ہے، جو بھارتی ظلم و ستم اور کشمیریوں کی بے مثال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ اپنے خصوصی بیان میں مشعال ملک نے کہا کہ میر واعظ محمد فاروق اور خواجہ عبدالغنی لون کی شہادت تحریکِ آزادی کا وہ روشن باب ہے جسے کشمیری عوام کبھی فراموش نہیں کریں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان رہنماؤں کی قربانیاں کشمیریوں کے جذبۂ حریت کو مہمیز کرتی رہیں گی۔

مشعال ملک نے سانحہ ہوال کا ذکر کرتے ہوئے اسے بھارتی ریاستی دہشت گردی کا بدترین ثبوت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ نہتے کشمیریوں پر گولیاں چلا کر بھارت ان کی آواز دبانے میں ناکام رہا ہے اور آج بھی عالمی برادری کے سامنے بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہو چکا ہے۔انہوں نے اپنے بیان کے آخر میں اس عزم کا اعادہ کیا کہ کشمیری عوام اپنی منزل یعنی حقِ خودارادیت کے حصول تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔ شہداء کا لہو رنگ لائے گا اور بھارت جتنا بھی ظلم کر لے، وہ کشمیریوں کو غلام نہیں رکھ سکتا۔ مشعال ملک نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور کشمیریوں کو ان کا بنیادی حق دلانے میں اپنا کردار ادا کرے۔