راؤل کاسترو، کیوبن انقلاب کا معمار اور آہنی اعصاب کا مالک رہنما

راؤل کاسترو کیوبا کی تاریخ کا وہ اہم ستون ہیں جن کے ذکر کے بغیر کیوبن انقلاب کی داستان ادھوری ہے۔ 94 سالہ راؤل، جو اپنے بڑے بھائی فیدل کاسترو کے سائے میں ایک طویل عرصے تک رہے، نے ثابت کیا کہ وہ نہ صرف ایک وفادار سپاہی ہیں بلکہ ایک زیرک مدبر بھی ہیں۔ 15 برس تک ملک کی سربراہی کرنے والے راؤل کاسترو کو آج بھی کیوبا کا سب سے طاقتور شخص تصور کیا جاتا ہے۔ راؤل کاسترو اپنے سات بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹے تھے، لیکن ان کا عزم سب سے توانا تھا۔ 1959 میں جب کیوبا میں آمر فلجینسیو باتیستا کے خلاف تحریک شروع ہوئی، تو راؤل نے ایک گوریلا فورس کے کمانڈر کے طور پر محاذ سنبھالا۔

انہوں نے پہاڑوں میں چھپ کر ایسی جنگی حکمت عملی ترتیب دی جو بالآخر حکومت کے خاتمے کا سبب بنی۔ انقلاب کی کامیابی کے بعد، انہوں نے کئی دہائیوں تک کیوبا کی مسلح افواج کے سربراہ کے طور پر خدمات انجام دیں اور ملک کے دفاعی نظام کو ناقابلِ تسخیر بنایا۔ 2006 میں جب فیدل کاسترو کی صحت بگڑی، تو اقتدار کی باگ ڈور راؤل کے ہاتھ میں آئی۔ انہوں نے کمیونسٹ پارٹی کی یک جماعتی حکمرانی کو سختی سے برقرار رکھا۔ راؤل کاسترو کا دورِ حکومت جہاں انتظامی اصلاحات کے لیے جانا جاتا ہے، وہی یہ دور سیاسی مخالفین کے لیے انتہائی کٹھن ثابت ہوا۔ انقلاب کے ابتدائی دنوں میں انہوں نے انقلابی عدالتوں کی نگرانی کی، جہاں سابقہ حکومت کے حامیوں کو سنگین جرائم کے الزام میں فائرنگ سکواڈ کے ذریعے سزائے موت دی گئی۔

انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں آج بھی ان کے دور میں دی جانے والی سخت سزاؤں اور سیاسی قیدیوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک پر تنقید کرتی ہیں۔ راؤل کاسترو کی سیاست کا ایک حیران کن پہلو امریکہ کے ساتھ تعلقات کی بحالی تھی۔ 2014 سے 2016 کے درمیان انہوں نے صدر باراک اوباما کے ساتھ مل کر دہائیوں پرانی سرد جنگ کو ختم کرنے کی کوشش کی، جو 2016 کے تاریخی مذاکرات پر منتج ہوئی۔ تاہم، یہ خوشگوار دور مختصر ثابت ہوا۔

ڈونلڈ ٹرمپ کے برسرِ اقتدار آتے ہی کیوبا پر نئی اور سخت پابندیاں عائد کر دی گئیں، جس کے نتیجے میں راؤل کاسترو نے ایک بار پھر مزاحمتی پالیسی اپنا لی۔ 2021 میں راؤل کاسترو نے باضابطہ طور پر صدارت اور پارٹی قیادت میگوئل دیاس کانیل کے حوالے کر دی، جو کہ کیوبا میں "کاسترو دور" کے خاتمے کا ایک بڑا اشارہ تھا۔ اپنی ریٹائرمنٹ کے وقت انہوں نے ایک تاریخی جملہ کہا جو ان کی پوری زندگی کا نچوڑ ہے،"جب تک میں زندہ ہوں، میں وطن، انقلاب اور سوشلزم کے دفاع کے لیے تیار رہوں گا۔" آج راؤل کاسترو عملی سیاست سے دور ہونے کے باوجود کیوبا کے نظریاتی محافظ سمجھے جاتے ہیں۔ ان کی زندگی ایک ایسے جنگجو کی عکاس ہے جس نے پابندیوں اور عالمی دباؤ کے باوجود اپنے نظریات پر سمجھوتہ نہیں کیا۔