گوادر پورٹ پر عالمی کارگو جہاز کی آمد، ہزاروں ٹن مشینری اور سٹیل کی کھیپ پہنچ گئی

گوادر(رم نیوز) وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انوار چوہدری نے گوادر بندرگاہ پر ایک اور بڑی اور اہم معاشی پیش رفت کا اعلان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ جہاز “ایم وی کائی شوان 11” لنگر انداز ہو ا ہے۔وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری کے مطابق، اس عالمی کارگو جہاز کے ذریعے مجموعی طور پر 29 ہزار 832 میٹرک ٹن سامان گوادر پہنچایا گیا ہے۔ جہاز پر لائے گئے سامان میں بھاری ٹرانس شپمنٹ مشینری، صنعتی آلات اور اسٹیل کی بڑی کھیپ شامل ہے۔ وفاقی وزیر نے میڈیا کو بتایا کہ گوادر پورٹ پر ٹرانس شپمنٹ سرگرمیوں میں نمایاں اور ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ عالمی تجارتی مارکیٹ میں گوادر بندرگاہ کا اعتماد مسلسل مستحکم ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نامور بین الاقوامی شپنگ کمپنیوں کی جانب سے گوادر پورٹ کے استعمال میں دلچسپی بڑھتی جا رہی ہے، اور حکومت کے پختہ عزم کے مطابق گوادر بہت جلد خطے کا سب سے بڑا تجارتی مرکز بن کر ملکی و علاقائی معیشت میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔

اس موقع پر چیئرمین گوادر پورٹ اتھارٹی نور الحق نے بندرگاہ پر نئے کارگو جہاز کی آمد کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے آپریشنل صلاحیتوں کی بحالی کے لیے خوش آئند قرار دیا۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ پورٹ پر فول پروف انتظامات اور جدید سہولیات کی بدولت مستقبل قریب میں مزید کئی بین الاقوامی تجارتی جہازوں کی گوادر آمد متوقع ہے، جس سے بلوچستان اور پاکستان میں معاشی خوشحالی کا نیا دور شروع ہوگا۔