اسلام آباد(رم نیوز) وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انوار چوہدری نے ملک کی شپنگ اور شپ ری سائیکلنگ انڈسٹری کے لیے ایک بڑی اور تاریخی پیش رفت کا اعلان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ پاکستان میں ہانگ کانگ کنونشن کے نفاذ کے لیے باضابطہ قانون سازی مکمل کر لی گئی ہے۔ سینیٹ نے اس سلسلے میں “جہازوں میں خطرناک مواد کی فہرست کا بل 2026” متفقہ طور پر منظور کر لیا ہے۔
وفاقی وزیر کے مطابق اس اہم قانون سازی کے بعد پاکستان ہانگ کانگ کنونشن پر عملدرآمد کرنے والا دنیا کا 23واں ملک بن گیا ہے، جس سے عالمی سطح پر پاکستان کی ساکھ مزید مضبوط ہوگی۔ نئے قانون کے تحت وزارت بحری امور عملدرآمد اور رپورٹنگ کے لیے قومی فوکل باڈی کے طور پر کام کرے گی۔ وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری نے واضح کیا کہ اس قانون سازی کا سب سے بڑا فائدہ گڈانی شپ بریکنگ انڈسٹری کو ہوگا، جسے اب بین الاقوامی معیار کے مطابق ڈھالا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نئے نظام کے تحت شپ بریکنگ کے دوران مزدوروں کی حفاظت اور صحت کے معیار کو مزید بہتر اور فول پروف بنایا جائے گا۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ماحول دوست شپ بریکنگ کے فروغ اور ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنے کے لیے ایک جدید اور مربوط ٹریسنگ سسٹم متعارف کرایا جا رہا ہے۔ اب سے جہازوں کی لازمی انسپکشن اور سرٹیفکیشن کی جائے گی تاکہ خطرناک مواد کی کڑی نگرانی کی جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ اقدام ملک میں سرکلر اکانومی کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرے گا اور ماحول دوست گرین شپ بریکنگ کی سمت میں ایک سنگِ میل ثابت ہوگا۔