وزیراعظم کی قطری وفد سے ملاقات، بیرونی سرمایہ کاری کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کا عزم

اسلام آباد(رم نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے قطر کے 'تعمیر گروپ' کے بانی محمد حسین آل علی کی قیادت میں وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت ملک میں بیرونی سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC) کے تحت سرمایہ کاروں کی راہ میں حائل تمام رکاوٹیں دور کر دی گئی ہیں۔

وزیراعظم نے وفد کو بتایا کہ پاکستان میں سیاحت، ہوٹلنگ، ہاسپیٹیلٹی اور رئیل سٹیٹ کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، اور انہوں نے حکام کو قطری گروپ کو مکمل سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔دوسری جانب، تعمیر گروپ کے بانی نے پاکستان میں ہاسپیٹیلٹی اور تعمیراتی شعبے کے جاری منصوبوں میں مزید سرمایہ کاری بڑھانے کا اعلان کیا اور SIFC کے تحت حکومتی اقدامات کو سراہا۔ ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور دیگر وفاقی وزراء بھی موجود تھے۔