سلامتی کونسل کا پاکستان کی سفارتی دستاویز پر مکمل اعتماد، عالمی بحرانوں پر تیار کردہ سالانہ رپورٹ متفقہ طور پر منظور

نیویارک(رم نیوز) پاکستان نے اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم پر ایک اور بڑی سفارتی کامیابی حاصل کر لی ہے، جہاں سلامتی کونسل نے پاکستان کی جانب سے مرتب کردہ سالانہ رپورٹ کو متفقہ طور پر منظور کر لیا ہے۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے رپورٹ کی منظوری کے حوالے سے اہم تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ یہ دستاویز علاقائی بحرانوں اور دیگر اہم موضوعاتی امور پر کونسل کی کارروائیوں کا احاطہ کرتی ہے۔

پاکستانی مندوب عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ یہ سالانہ رپورٹ عالمی سطح پر شفافیت، غیر جانبداری اور جوابدہی کے نظام کو فروغ دینے کا ایک معتبر ذریعہ ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ رپورٹ میں دنیا کو درپیش موجودہ تنازعات، بین الاقوامی امن و سلامتی کے چیلنجز اور مختلف خطوں میں جاری انسانی بحرانوں کی نشاندہی کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ کے امن مشنز کی افادیت، تنازعات کے دیرپا حل اور باہمی عالمی تعاون کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر خصوصی زور دیا گیا ہے۔