امریکہ میں گرین کارڈ کے قوانین مزید سخت, ٹرمپ انتظامیہ کا غیر ملکیوں کو اپنے وطن واپس جا کر درخواست دینے کا حکم

واشنگٹن (رم نیوز) ٹرمپ انتظامیہ نے امریکہ میں مستقل رہائش (گرین کارڈ) حاصل کرنے کے عمل کو مزید سخت کرتے ہوئے نئی امیگریشن پالیسی نافذ کر دی ہے۔ امریکی شہریت اور امیگریشن سروسز کی جانب سے جاری کردہ نئی گائیڈ لائنز کے مطابق، اب گرین کارڈ کے خواہشمند غیر ملکیوں کو عمومی طور پر امریکہ کے بجائے بیرونِ ملک سے ہی مستقل رہائش کے لیے اپلائی کرنا ہوگا۔

محکمہ امیگریشن کے ترجمان زیک کاہلر نے نئی پالیسی کی تصدیق کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ امریکہ میں عارضی طور پر مقیم ایسے غیر ملکی جو گرین کارڈ حاصل کرنا چاہتے ہیں، انہیں اب اپنے وطن واپس جا کر امریکی محکمہ خارجہ کے ذریعے ہی درخواست دائر کرنا ہوگی۔ حکام کے مطابق امریکہ کے اندر رہتے ہوئے سٹیٹس کی تبدیلی (ایڈجسٹمنٹ آف سٹیٹس) کی منظوری صرف انتہائی غیر معمولی اور استثنائی صورتحال میں ہی دی جائے گی۔ اس نئے قانون سے امریکہ میں موجود انٹرنیشنل سٹوڈنٹس، عارضی ورکرز اور سیاح براہِ راست متاثر ہوں گے۔