بلوچستان میں زلزلہ ، واشک اور بسیمہ کے علاقوں میں جھٹکے، خوفزدہ لوگ گھروں سے باہر نکل آئے

واشک (رم نیوز) بلوچستان کے ضلع واشک، بسیمہ اور اس کے گرد و نواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں، جس کے باعث شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ زلزلہ پیما مرکز کی رپورٹ کے مطابق ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 3.2 ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ اس کا مرکز بسیمہ کے جنوب مغرب میں 30 کلومیٹر کی دوری پر زمین کی گہرائی میں تھا۔

عینی شاہدین کے مطابق زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوتے ہی متاثرہ علاقوں میں مقیم لوگ کلمۂ طیبہ اور استغفار کا ورد کرتے ہوئے فوری طور پر اپنے گھروں اور دکانوں سے باہر کھلے میدانوں کی طرف دوڑ پڑے۔ انتظامیہ اور مقامی ذرائع کے مطابق زلزلے کے نتیجے میں اب تک کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔