کانگو اور یوگنڈا میں ایبولا وبا کے بعد عالمی ہیلتھ ایمرجنسی نافذ؛ پاکستان میں ہائی الرٹ، ایئرپورٹس پر سکریننگ شروع

لاہور(رم نیوز)عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی جانب سے افریقی ممالک کانگو اور یوگنڈا میں ایبولا وائرس کے پھیلاؤ کو عالمی ہنگامی صورتحال قرار دیے جانے کے بعد پاکستان کی وزارتِ صحت نے ملک بھر میں پیشگی حفاظتی اقدامات نافذ کر دیے ہیں۔ وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال کی خصوصی ہدایت پر تمام صوبوں، بارڈر ہیلتھ سروسز اور ملک بھر کے ایئرپورٹس کو ہائی الرٹ کر کے مسافروں کی کڑی نگرانی اور سکریننگ کا حکم دے دیا گیا ہے۔

ترجمان وزارتِ صحت کے مطابق، ایبولا کا وائرس فی الحال صرف افریقہ تک محدود ہے اور پاکستان یا اس کے ہمسایہ ممالک میں اس کا کوئی کیس موجود نہیں ہے، اس لیے یہاں خطرہ انتہائی کم ہے۔ تاہم، کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے قومی ادارہ صحت (NIH) کو الرٹ کر دیا گیا ہے، جس کے پاس وائرس کی تشخیص کی مکمل صلاحیت موجود ہے۔ وزارتِ صحت نے افریقی ممالک کا سفر کرنے والے شہریوں کو بھی روانگی سے قبل تمام طبی و سفری ہدایات پر سختی سے عمل کرنے کی تاکید کی ہے۔