فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دورہ ایران انتہائی نتیجہ خیز رہا، حتمی مفاہمت کی جانب بڑی پیش رفت

راولپنڈی (رم نیوز) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا ایران کا مختصر اور انتہائی اہم سرکاری دورہ مکمل ہو گیا ہے، جسے علاقائی امن کے لیے "انتہائی نتیجہ خیز" قرار دیا جا رہا ہے۔ یہ دورہ 8 اپریل کو ہونے والی جنگ بندی کے بعد خطے میں کشیدگی کم کرنے اور تعمیری روابط کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کی جاری ثالثی کوششوں کا حصہ تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، فیلڈ مارشل عاصم منیر نے تہران میں ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان، سپیکر پارلیمنٹ محمد باقر قالیباف، وزیر خارجہ عباس عراقچی اور وزیر داخلہ سکندر مومنی سمیت اعلیٰ ترین قیادت سے تفصیلی ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں کا بنیادی محور مغربی ایشیا کی سکیورٹی، علاقائی امن و استحکام اور ایران امریکا مذاکرات پر تبادلہ خیال تھا۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہونے والے تفصیلی اور تعمیری مذاکرات کے نتیجے میں فریقین کے مابین حتمی مفاہمت کی جانب حوصلہ افزا پیش رفت سامنے آئی ہے۔

ایرانی قیادت نے خطے کے مسائل کے پُرامن حل اور مذاکرات میں سہولت کاری کے لیے پاکستان کے مخلصانہ اور تعمیری کردار کی بھرپور تعریف کی۔ واضح رہے کہ امریکی میڈیا نے بھی فیلڈ مارشل عاصم منیر کو ان مذاکرات میں اب تک کا "سب سے بڑا مصالحت کار" قرار دیا ہے۔