پاکستان بہت جلد مذاکرات کے اگلے دور کی میزبانی کرے گا، وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد (رم نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو خطے میں امن کے حصول کے لیے کی جانے والی غیر معمولی کوششوں اور مسلم ممالک کے رہنماؤں کے ساتھ کامیاب ٹیلیفونک رابطے پر مبارکباد پیش کی ہے۔ سوشل میڈیا پر جاری اپنے ایک بیان میں وزیراعظم نے اعلان کیا کہ پاکستان انتہائی خلوص کے ساتھ اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے گا اور امید ہے کہ بہت جلد مذاکرات کے اگلے دور کی میزبانی کرے گا۔

وزیراعظم نے واضح کیا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ہونے والی اس اہم ترین گفتگو میں پاکستان کی نمائندگی آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کی، اور وہ اس پورے عمل کے دوران فیلڈ مارشل کی مسلسل اور انتھک کاوشوں کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اس رابطے سے علاقائی صورتحال کو بہتر بنانے اور خطے میں پائیدار امن کے قیام کی کوششوں کو آگے بڑھانے میں بڑی مدد ملے گی۔