مکہ مکرمہ(رم نیوز) دنیا بھر سے آئے ہوئے 15 لاکھ سے زائد خوش نصیب عازمینِ حج نے مناسکِ حج کا آغاز کر دیا ہے۔ زائرین کی خیموں کے شہر منیٰ آمد کا سلسلہ جاری ہے، جہاں وہ پیر اور منگل کی درمیانی رات قیام کریں گے اور پیر کی شب عبادات و مناجات میں مصروف رہیں گے۔ مقدس سفر کے شیڈول کے مطابق، عازمین منگل 9 ذی الحج کو فجر کی نماز کے بعد حج کے سب سے بڑے اور اہم رکن 'وقوفِ عرفہ' کی ادائیگی کے لیے میدانِ عرفات روانہ ہوں گے، جہاں خطبہ حج سننے کے بعد مغرب کے وقت مزدلفہ کی طرف روانگی ہوگی۔ سعودی محکمہ موسمیات نے مناسک کے دوران مکہ اور اطراف میں شدید گرمی کی لہر کی پیشگوئی کی ہے، جس کے دوران درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے اور گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ تاہم، سعودی حکومت کی جانب سے عازمین کو گرمی سے بچانے کے لیے کولنگ فینز، سایہ دار راستوں اور طبی امداد کے بہترین اور جدید انتظامات کیے گئے ہیں۔
مناسکِ حج کا باقاعدہ آغاز، لاکھوں عازمین خیموں کے شہر منیٰ پہنچ گئے، مکہ کی فضائیں 'لبیک' کی صداؤں سے گونج اٹھیں