کراچی(رم نیوز) پاکستان کی گہرے سمندر کی بندرگاہ گوادر نے بین الاقوامی تجارتی میدان میں ایک اور بڑا سنگِ میل عبور کر لیا ہے۔ وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے اتوار کو جاری ایک اعلیٰ سطحی بیان میں تصدیق کی ہے کہ گوادر پورٹ نے 53 ہزار میٹرک ٹن سے زائد وزنی کارگو بردار بڑے بحری جہاز کی محفوظ اور کامیاب ہینڈلنگ کر کے اپنی آپریشنل صلاحیتوں کا لوہا منوا لیا ہے۔ ہانگ کانگ اور چین کا مشترکہ تجارتی جہاز "ایم وی بی آئی جیا شان" (MV BI JIA SHAN) چین کی بایوچوان بندرگاہ سے روانہ ہوا تھا۔
کپتان لی ہان کی قیادت میں یہ جہاز 53 ہزار 277 میٹرک ٹن پرائم اسٹیل بلیٹس لے کر گوادر پورٹ پہنچا، جہاں اسے بحفاظت برتھ کر لیا گیا۔ اس جہاز کا ڈرافٹ 12.8 میٹر تھا، جس کی کامیاب برتھنگ نے گوادر کے گہرے سمندری نیوی گیشن چینل اور کارگو ہینڈلنگ کے جدید انفرااسٹرکچر کو عالمی معیار کے مطابق ثابت کر دیا ہے۔ اس جہاز کو ابتدائی طور پر عمان کی 'صحار پورٹ' جانا تھا، لیکن ٹرانس شپمنٹ آپریشنز کے لیے اس کا رخ تبدیل کر کے گوادر موڑ دیا گیا، جو اس بندرگاہ کی بڑھتی ہوئی سٹریٹجک اہمیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
وفاقی وزیر جنید انوار چوہدری نے اس پیش رفت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس کامیابی سے چین، مشرقِ وسطیٰ اور وسطی ایشیا کے درمیان بحری تجارتی روابط مزید مستحکم ہوں گے۔ انہوں نے عزم دہرایا کہ وزارت بحری امور اور گوادر پورٹ حکام عالمی سپلائی چین میں پاکستان کے کردار کو مضبوط بنانے اور کم لاگت بندرگاہی آپریشنز کو یقینی بنانے کے لیے پوری طرح پُرعزم ہیں۔