ایک فریم ورک پر اتفاق تو ہو گیا ،پاکستان وفد بھیجنے کا کوئی پلان نہیں، جنگ بندی کے لیے مذاکرات کر رہے ہیں: ایرانی وزارتِ خارجہ

تہران(رم نیوز)ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان وفد بھیجنے کا فی الحال کوئی پلان زیرِ غور نہیں ہے، کیونکہ ایران اس وقت جوہری معاملے کے بجائے صرف جاری جنگ کے خاتمے کے لیے مذاکرات کر رہا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان اسماعیل بقائی نے بتایا کہ مذاکرات کے دوران ایک بنیادی فریم ورک پر اتفاق ہو چکا ہے، تاہم ابھی یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ امریکہ اور ایران کے درمیان معاہدہ بالکل طے پا گیا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ممکنہ معاہدے کے تحت لبنان سمیت تمام فرنٹ پر جنگ کا خاتمہ یقینی بنایا جائے گا۔ آبنائے ہرمز کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس کا انتظام ساحلی ممالک کا حق ہے اور ایران وہاں سے گزرنے والے جہازوں پر کوئی ٹول ٹیکس عائد نہیں کرے گا۔

دوسری جانب امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے اس حوالے سے بڑی پیشرفت کا دعویٰ کیا ہے۔ دور ہ بھارت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی وزیرِ خارجہ نے امید ظاہر کی ہے کہ ایران کے ساتھ جنگ بندی کا معاہدہ آج ہی طے پا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یا تو ایک اچھے معاہدے پر دستخط ہوں گے، ورنہ امریکا کو اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے دیگر راستے اختیار کرنا ہوں گے۔