پاک چین تعلقات کے 75 سال، معاشی طاقت میں چین کا کوئی ثانی نہیں:وزیراعظم

بیجنگ (رم نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ چین نے گزشتہ 75 برسوں میں بے مثال ترقی کر کے دنیا کے لیے ایک قابلِ تقلید ماڈل قائم کر دیا ہے اور معاشی و عسکری لحاظ سے آج اس کا دنیا میں کوئی ثانی نہیں۔

پاک چین سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر بیجنگ میں ایک خصوصی تقریب ہوئی جس میں وزیراعظم شہباز شریف اور چینی نائب صدر ہین ژینگ نے شرکت کی اور یادگاری کیک کاٹا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے چینی صدر شی جن پنگ کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی پالیسیوں کی بدولت کروڑوں افراد غربت سے باہر آئے۔ انہوں نے خطے میں امن اور خوشحالی کے لیے چین کی کوششوں کی تعریف کی اور کہا کہ صدر شی جن پنگ ہمیشہ مذاکرات کے ذریعے تنازعات کے حل پر یقین رکھتے ہیں۔

وزیراعظم نے پاک چین دوستی کو لازوال قرار دیتے ہوئے کہا کہ "آج ہم دو جسم اور ایک روح کی مانند ہیں، ہمارے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔" انہوں نے 2010 کے سیلاب سمیت ہر مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کرنے پر چین کا شکریہ ادا کیا۔ شہباز شریف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان چین کے ترقیاتی سفر سے سبق سیکھتے ہوئے ملک میں چینی طرز کا معاشی ماڈل نافذ کرنے کے اہداف حاصل کرے گا، تاکہ آنے والی نسلوں کو مزید مضبوط تعلقات منتقل کیے جا سکیں۔