لاہور (رم نیوز)پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے عید الاضحیٰ کی تعطیلات کے دوران صوبے بھر میں شدید ہیٹ ویو کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق عید کے دنوں میں پنجاب کے بیشتر اضلاع میں درجہ حرارت معمول سے 4 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ تک زیادہ رہنے کی توقع ہے۔ لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور سیالکوٹ جیسے اضلاع میں پارہ 42 ڈگری تک جا سکتا ہے، جبکہ ملتان، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، رحیم یار خان، سرگودھا اور جھنگ میں شدید ترین گرمی کے باعث درجہ حرارت 50 ڈگری تک پہنچنے کا امکان ہے۔
الرٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس دوران رات کے وقت بھی گرمی کی شدت کم نہیں ہوگی۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ عید کے پیشِ نظر بکرا منڈیوں اور عوامی مقامات پر انسانوں اور جانوروں کے لیے خصوصی میڈیکل اور ویٹرنری کیمپس قائم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی کہ وہ ہنگامی صورتحال یا رہنمائی کے لیے پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔ اتھارٹی نے عوام، قصابوں اور مویشی تاجروں کے لیے خصوصی ہدایات جاری کی ہیں جن کے مطابق صبح 10 بجے سے شام 5 بجے تک کھلی دھوپ میں غیر ضروری نکلنے سے گریز کیا جائے، زیادہ سے زیادہ پانی اور مشروبات کا استعمال کیا جائے، اور سر کو ڈھانپ کر رکھا جائے۔
مزید برآں، قربانی کے جانوروں کو لو اور گرمی سے بچانے کے لیے ان پر مسلسل پانی کا چھڑکاؤ کرنے اور منڈیوں میں عارضی سائے کا انتظام کرنے کی بھی تاکید کی گئی ہے۔