وزیرِ داخلہ محسن نقوی کا منیٰ میں پاکستانی کیمپوں کا دورہ، حجاج کی سہولیات کا جائزہ

مکہ مکرمہ (رم نیوز)وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے منیٰ میں پاکستانی حجاج کرام کے کیمپوں کا دورہ کیا اور وہاں حجاج کو فراہم کی جانے والی رہائش اور کھانے پینے کی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دورے کے دوران وفاقی وزیرِ داخلہ نے ایک 100 سالہ بزرگ حاجی سے خصوصی ملاقات کر کے ان کی خیریت دریافت کی اور معمر ترین حاجی کے عزم و ہمت کو سراہا۔ کیمپوں میں موجود حجاج کرام نے وزیرِ داخلہ سے گفتگو کرتے ہوئے امسال کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور بتایا کہ اگرچہ کچھ سفری مسائل کا سامنا کرنا پڑا، لیکن پاکستانی عملے نے ان کے حل کے لیے بھرپور تعاون کیا۔

محسن نقوی نے حجاج کے لیے بہترین انتظامات قائم کرنے پر وفاقی وزیرِ مذہبی امور سردار محمد یوسف اور ان کی پوری ٹیم کی کوششوں کی تعریف کی اور کہا کہ ہر حاجی ہمارے لیے انتہائی معزز ہے اور ان کی خدمت کے لیے عملہ ہمہ وقت موجود ہے۔ وزیرِ داخلہ نے امسال حجاج کو پاکستان میں ہی امیگریشن کی بڑی سہولت (روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ) فراہم کرنے پر سعودی حکومت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ اس خصوصی اقدام پر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور وزارتِ حج کے تہہ دل سے مشکور ہیں۔