'یومِ آزادی و مزاحمت': ایرانی وزیرِ خارجہ کی لبنانی حکومت اور حزب اللہ کو مبارکباد

تہران (رم نیوز) ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے لبنان سے اسرائیلی فوج کے انخلا کی یاد میں منائے جانے والے 'یومِ مزاحمت و آزادی' کے موقع پر لبنانی حکومت، عوام اور حزب اللہ کو مبارکباد پیش کی ہے۔ ایرانی وزیرِ خارجہ نے لبنانی پارلیمنٹ کے سپیکر اور حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل نعیم قاسم کو خصوصی تہنیتی پیغامات بھیجے، جن میں انہوں نے اسرائیل کے خلاف لبنان کی آزادی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے ایران کی مسلسل حمایت کا اعادہ کیا۔

ایرانی وزیرِ خارجہ کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے اسرائیل کے ساتھ مذاکرات مسترد کرنے پر حزب اللہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لبنانی عوام سے احتجاج کی اپیل کی ہے۔ دوسری جانب، یہ بات اب بھی غیر واضح ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان ہونے والے ممکنہ معاہدے میں لبنان جنگ کا خاتمہ شامل ہوگا یا نہیں۔