مکہ مکرمہ (رم نیوز) حج کے رکنِ اعظم "وقوفِ عرفہ" کے موقع پر مسجدِ نمرہ سے خطبہ حج دیتے ہوئے مسجدِ نبویؐ کے امام و خطیب شیخ ڈاکٹر علی الحذیفی نے امتِ مسلمہ کو تقویٰ، توحید اور آپس میں اتحاد قائم کرنے کا درس دیا ہے۔ انہوں نے تاکید کی کہ مسلمان ہر مصیبت میں صبر کا دامن تھامے رکھیں اور اللہ کی نعمتوں کا شکر ادا کریں۔
خطبے میں واضح کیا گیا کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں اور کسی کو اس کا شریک نہ ٹھہرایا جائے، جبکہ نبی اکرم ﷺ اللہ کے آخری رسول اور خاتم النبین ہیں۔شیخ ڈاکٹر علی الحذیفی نے حجاج کو ہدایت کی کہ حج کے دوران کسی قسم کے لڑائی جھگڑے سے مکمل اجتناب کریں اور ہر اس عمل سے دور رہیں جس سے مسلمانوں کی یکجہتی اور وحدت کو نقصان پہنچے۔ انہوں نے امت کو خبردار کیا کہ جن قوموں نے ظلم کا راستہ اپنایا اور اللہ کی نعمتوں کی ناشکری کی، ان سے یہ نعمتیں چھین لی گئیں۔مسلمانوں کو سچ بولنے، بدعت و غیبت سے بچنے اور قیامت کے ہولناک دن کے لیے تیاری کرنے کی تلقین کی گئی جہاں انسان اپنے اعمال کا خود جوابدہ ہوگا۔
خطیبِ حج نے گریہ و زاری کے ساتھ امتِ مسلمہ کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا: "یا اللہ! مسلمانوں کے حالات کو بہتر کر دے، انہیں ہدایت اور آپس میں یکجہتی عطا فرما اور تمام حجاج کی دعائیں قبول فرما۔میدانِ عرفات میں اس وقت 16 لاکھ سے زائد حجاج کرام کا مجمع موجود ہے جو ذکر و الہیٰ میں مصروف ہے۔ حجاج کرام غروبِ آفتاب کے بعد مزدلفہ کے لیے روانہ ہوں گے جہاں وہ مغرب اور عشاء کی نمازیں قصر کر کے ایک ساتھ ادا کریں گے اور شیطان کو کنکریاں مارنے کے لیے کنکریاں جمع کریں گے۔