لاہور (رم نیوز) ملک بھر میں آج عید الاضحیٰ مذہبی جوش و جذبے اور روایتی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔ اس مبارک موقع پر ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں اور دیہات کی مساجد، عید گاہوں اور کھلے میدانوں میں نمازِ عید کے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے، جہاں ملک و قوم کی سلامتی، خوشحالی اور امتِ مسلمہ کے اتحاد کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ نمازِ عید کی ادائیگی کے فوری بعد شہریوں کی جانب سے سنتِ ابراہیمی کی پیروی میں جانوروں کی قربانی کا سلسلہ شروع کر دیا گیا جو عید کے تینوں دن جاری رہے گا۔
سیاسی قیادت بھی عید کے موقع پر اپنے اپنے شہروں میں موجود ہے۔ صدرِ مملکت آصف علی زرداری عید الاضحیٰ اپنے آبائی شہر نواب شاہ میں منا رہے ہیں، جبکہ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے عید کی نماز لاہور میں ادا کی اور وہ یہیں عید کا دن گزاریں گے۔ دوسری جانب، عید سے قبل کی رات ملک بھر کی مویشی منڈیوں میں غیر معمولی گہما گہمی دیکھنے کو ملی۔
خریداروں اور بیوپاریوں کے درمیان جانوروں کی قیمتوں پر بھاؤ تاؤ کا فائنل راؤنڈ رات گئے تک جاری رہا۔ بیوپاریوں کی جانب سے قیمتوں میں اضافے اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے باعث متعدد شہریوں کو اپنی پسند کے جانور خریدنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ جن لوگوں نے جانور خرید لیے، وہ رات بھر ان کی خاطرداری اور دیکھ بھال میں مصروف رہے۔