صدر اور وزیراعظم کا عید الاضحیٰ پر قوم کو مبارکباد کا پیغام

اسلام آباد (رم نیوز) صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے عید الاضحیٰ کے مبارک موقع پر پاکستانی قوم اور امتِ مسلمہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دن ہمیں اطاعت، ایثار، صبر اور اخلاص کا عظیم درس دیتا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے اپنے الگ الگ پیغامات میں قومی ترقی کے لیے باہمی اختلافات بھلا کر یکجہتی فروغ دینے اور معاشرے کے محروم طبقات کو خوشیوں میں شامل کرنے پر زور دیا ہے۔ صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ انسان کی اصل کامیابی مال و دولت یا ظاہری شان و شوکت میں نہیں، بلکہ اللہ کے نزدیک محبوب ترین انسان وہ ہے جو دوسروں کو فائدہ پہنچائے۔

انہوں نے اپیل کی کہ عید کی خوشیوں میں مستحقین، یتیموں اور سفید پوش افراد کا خصوصی خیال رکھا جائے۔ صدر زرداری نے نفرت کے بجائے محبت، برداشت اور مکالمے کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ قانون کا احترام اور ماحول کی صفائی مہذب معاشرے کی علامت ہے۔ انہوں نے عہد کرنے کی دعوت دی کہ قربانی کو محض ایک دن کی عبادت کے بجائے پورے سال کے طرزِ عمل میں تبدیل کیا جائے۔

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے اپنے پیغام میں عید الاضحیٰ کو سنتِ ابراہیمی اور اطاعتِ الٰہی کی روشن مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ کسی اعلیٰ مقصد کے لیے اپنے مفادات کی قربانی دینا ہی ایمان کی معراج ہے۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف وطن عزیز کی خاطر جانیں نچھاور کرنے والے شہدائے پاکستان کو قوم کا فخر قرار دیا۔ اپنے پیغام میں وزیرِ اعظم نے فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے مظلوم بہن بھائیوں کو بھی یاد رکھا اور ان کے ساتھ گہری یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ دنیا کو امن کا گہوارہ بنائے۔