ایران سے ممکنہ ڈیل پر اختلافات ، صدر ٹرمپ کا کیمپ ڈیوڈ میں کابینہ کا ہنگامی اجلاس طلب

واشنگٹن (رم نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جاری مذاکرات اور ممکنہ معاہدے پر مشاورت کے لیےکابینہ کا ایک غیر معمولی اجلاس طلب کر لیا ہے، جو وائٹ ہاؤس کے بجائے صدارتی ریزورٹ کیمپ ڈیوڈ میں ہوگا۔ ذرائع کے مطابق، اجلاس کو میڈیا اور سیاسی دباؤ سے دور منتقل کرنے کا مقصد حساس قومی معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کرنا ہے۔

واضح رہے کہ امریکہ اس وقت ایران کے ساتھ کشیدگی کم کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے، تاہم خود ریپبلکن پارٹی کے سخت گیر حلقے اس کی مخالفت کر رہے ہیں۔ ناقدین کا مؤقف ہے کہ واشنگٹن مذاکرات میں بہت زیادہ نرمی دکھا رہا ہے، اس لیے تہران پر دباؤ برقرار رکھتے ہوئے اس کے جوہری پروگرام اور علاقائی کردار پر سخت شرائط عائد کی جائیں۔