عید الاضحیٰ کا دوسرا روز، ملک بھر میں سنتِ ابراہیمی کی پیروی اور قربانی کا سلسلہ جاری، لذیذ پکوانوں کی تیاریاں

لاہور (رم نیوز)ملک بھر میں آج عید الاضحیٰ کا دوسرا روز روایتی مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ وہ شہری جو بوجوہ پہلے دن قربانی کا فریضہ سرانجام نہیں دے سکے تھے، وہ آج صبح سے ہی سنتِ ابراہیمی کی پیروی میں اللہ کی راہ میں جانور قربان کر رہے ہیں، جس کے بعد گوشت کی تقسیم کا عمل جاری ہے۔

عید کے دوسرے روز جہاں قصابوں کی طلب میں بدستور اضافہ دیکھا جا رہا ہے، وہیں گھروں میں مہمانوں کی آمد و رفت اور لذیذ پکوانوں کی تیاریاں بھی عروج پر ہیں۔ خواتین کچن میں مختلف قسم کے گوشت کے پکوان، خصوصاً کڑھائی، نمکین گوشت اور بریانی بنانے میں مصروف ہیں، جبکہ نوجوانوں کی جانب سے شام کے وقت باربی کیو (BBQ) پارٹیز کا بڑے پیمانے پر اہتمام کیا جا رہا ہے

دوسری جانب، ضلعی انتظامیہ اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کی ٹیمیں شہروں کو صاف ستھرا رکھنے اور آلائشوں کو بروقت ٹھکانے لگانے کے لیے متحرک ہیں تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی تعفن یا پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ مانیٹرنگ ٹیمیں صفائی کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے مختلف علاقوں کے مسلسل دورے کر رہی ہیں۔