اسلام آباد (رم نیوز) صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے یومِ تکبیر کے تاریخی موقع پر قوم کے نام اپنے خصوصی پیغامات میں عزم ظاہر کیا ہے کہ ملکی دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور نہ ہی پاکستان اپنے دفاع سے غافل ہے۔ اپنے علیحدہ بیانات میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ 28 مئی 1998ء کے ایٹمی دھماکوں نے پاکستان کو سٹریٹیجک خودمختاری عطا کی۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان نے اپنا ایٹمی پروگرام قومی سلامتی کے تقاضوں کے تحت شروع کیا تھا اور پوری قوم اپنے سائنسدانوں اور مسلح افواج کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔ صدر زرداری نے مزید کہا کہ عالمی دباؤ اور پابندیوں کے باوجود پاکستان نے قومی مفاد کا تحفظ کیا۔ پاکستان ایک ذمے دار اور امن پسند ایٹمی ریاست ہے۔
دوسری جانب، وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ 28 مئی پاکستان کی تاریخ کا وہ عظیم دن ہے جب پوری قوم نے غیر متزلزل عزم اور بے مثال جرأت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایٹمی قوت ہونے کا اعلان کیا تھا، جس نے پاکستان کو اسلامی دنیا کی پہلی ایٹمی طاقت بنایا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے ایٹمی دھماکوں کے جواب میں کامیاب جوہری دھماکوں سے خطے میں توازن بحال کیا گیا اور پیغام دیا گیا کہ ہم اپنے دفاع سے غافل نہیں۔ وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ مملکتِ خداداد کا دفاع آہنی ہاتھوں میں ہے اور دشمن کسی غلط فہمی میں نہ رہے، کیونکہ ہماری بہادر مسلح افواج مادرِ وطن کے دفاع کے لیے ہر وقت پرعزم ہیں۔